پاک فوج اور یو اے ای پریزیڈنشل گارڈز کی مشترکہ مشق تربیلا میں مکمل
دہشتگردی کیخلاف آپریشنل مہارت میں اضافہ ،اختتامی تقریب میں عسکری حکام کی شرکت مشترکہ مشقوں کا مقصد پاک ، یو اے ای کے درمیان دفاعی تعاون کا فروغ ہے ، آئی ایس پی آر
راولپنڈی( خصوصی نیوز رپورٹر) پاک فوج اور یو اے ای پریزیڈنشل گارڈز کی دو ہفتے تک جاری رہنے والی مشترکہ مشق \"جلمود ون\" تربیلا میں کامیابی سے مکمل ہوگئی۔ اس مشق کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ آپریشنل مہارت میں اضا فہ اور دونوں افواج کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق میں پاکستان آرمی سپیشل سروسز گروپ (SSG) اور یو اے ای پریزیڈنشل گارڈز کے دستے شریک ہوئے ۔ اس مشق کا مرکز یرغمالیوں کا ریسکیو اور کاؤنٹر ٹیررازم آپریشنز تھے جس میں دونوں افواج نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے آپریشنل طریقہ کار کو مزید بہتر بنایا۔
اختتامی تقریب میں جی او سی ایس ایس جی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر یو اے ای کے سینئر عسکری حکام اور سفارتکار بھی موجود تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران دونوں افواج کے درمیان اس مشق کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ اس قسم کی مشقیں نہ صرف آپریشنل مہارت کو بڑھاتی ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ \"مشترکہ مشقوں کا مقصد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دفاعی تعاون کا فروغ ہے تاکہ دونوں افواج دہشت گردی جیسے مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکیں۔یہ مشق دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے اور اس سے دونوں افواج کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔