5ہزار رجسٹرڈ نابینائوں کو ماہانہ 12ہزار وظیفہ دینے کا فیصلہ
محکمہ سوشل ویلفیئر کے احتجاجی نابینا افراد سے مذاکرات، الگ جاب کوٹہ نوٹیفائی 3 فیصد کوٹہ میں باہم معذوری کی کیٹگریز کو مساوی نمائندگی دی گئی ، ترجمان
لاہور (لیڈی رپورٹر)ترجمان محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے مطابق وزیراعلٰی کی ہدایت پر قواعد و ضوابط کے مطابق صوبہ بھر کے 5 ہزار رجسٹرڈ نابینا افراد کو ماہانہ 12 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا محکمہ سوشل ویلفیئر نے سراپا احتجاج نابینا افراد کے نمائندوں کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی ہدایت پر محکمہ کے سینئر افسروں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے ، جبکہ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی سمیت دیگر افسروں نے نابینا افراد کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق 3 فیصد جاب کوٹہ میں باہم معذوری کی تمام کیٹگریز کو مساوی نمائندگی دی گئی ہے ۔ محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب نے نابینا افراد سمیت تمام معذور افراد کیلئے الگ جاب کوٹہ بھی نوٹیفائی کردیا ہے ۔ تمام محکموں کو معذوری کوٹے پر فوری عملدرآمد کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا اور معذوری کوٹہ کی خالی اسامیوں کو مشتہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔