امریکا ، چین،برطانیہ اوراقوام متحدہ کی خود کش دھماکا کی مذمت

امریکا ، چین،برطانیہ اوراقوام متحدہ کی خود کش دھماکا کی مذمت

دہشتگردی کیخلاف جدوجہد میں پاکستان کیساتھ ہیں ،امریکی ناظم الامور شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی ہے ،قطر اور آسٹریلیا کا بھی پاکستان سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )امریکا ، چین،برطانیہ ،قطر،یورپی یونین سمیت کئی ممالک نے اسلام آباد میں دہشتگرد وں کے خود کش دھماکے کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔پاکستان میں متعین امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ نیٹلی بیکر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ ہے ،حملے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے خاندانوں سے ہم دلی ہمدردی کا اظہار کرتے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہم اس حملے اور دہشت گردی کی ہر شکل کی سخت مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کی حکومت کی امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔اسلام آباد میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے ہم اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے سے آگاہ ہیں ،قریب سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم برطانوی شہری سفری ایڈوائس پر نظر رکھیں۔ جین میریٹ نے کہا میری ہمدردیاں ان لوگوں کے پیاروں کے ساتھ ہیں جو اس حملے میں مارے گئے ہیں۔قطر نے کہا ہے پاکستان میں قیام امن کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، اسلام آباد اور وانا میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ قطر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور عوام افسردہ ہیں ۔

پاکستان میں چینی سفارتخانہ نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔چینی سفارتخانے کے اعلامیے میں کہا گیا دھماکا قابلِ مذمت اور انسانیت دشمن عمل ہے ۔آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اسلام آباد میں دھماکے پر پاکستان سے یکجہتی اور متاثرین اور ان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔آسٹریلوی ہائی کمیشن نے عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم اداروں اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔افغان طالبان نے بھی اسلام آباد اور وانا میں اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان خود کش حملوں کی مذمت کی ہے ۔اقوام متحدہ نے اسلام آباد میں خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خود کش حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں