عرفان صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رہینگی ، سینیٹ کا خراج عقیدت

 عرفان صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رہینگی ، سینیٹ کا خراج عقیدت

مرحوم کی علم دوستی، دیانت اور وطن سے وابستگی نے انہیں ممتاز بنایا ،سینیٹرز

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )ایوانِ بالا میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی قومی، علمی، ادبی، سیاسی اور صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا صدیوں تک پُر نہیں ہو سکے گا۔مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی ۔وہ ہمہ جہت شخصیت اور سچے پاکستانی تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنے نظریات پر ثابت قدمی اختیار کی۔ڈپٹی چیئرمین سیدال خان کی زیرِ صدارت اجلاس  میں قائدِ ایوان اسحاق ڈار، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمان، فلک ناز چترالی، سید مسرور حسن، ضمیر گھمرو، عبدالشکور، مولانا عبدالواسع اور دیگر سینیٹرز نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات نہ صرف مسلم لیگ (ن) بلکہ ایوانِ بالا اور پاکستان کے فکری و سیاسی منظرنامے کے لیے بھی بڑا نقصان ہے ۔عرفان صدیقی علم و وقار، شائستگی و متانت اور فہم و فراست کا حسین امتزاج تھے ۔ ان کا قلم سچائی، شفافیت اور وطن دوستی کا ترجمان تھا۔ علاوہ ازیں ایوان میں اسلام آباد کچہری اور وانا واقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر خرم ذیشان نے حلف اٹھالیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں