اکانومسٹ رپورٹ کامقصد بحرانوں سے توجہ ہٹانا :پی ٹی آئی

اکانومسٹ رپورٹ کامقصد بحرانوں سے توجہ ہٹانا :پی ٹی آئی

جریدہ معافی مانگے ورنہ قانونی کارروائی کرینگے ، بشریٰ، عمران کو نشانہ بنایا گیا تین سال 7ماہ سے جو کچھ ہو رہا اس پر خاموشی اختیار کی گئی ،شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ سے فوری طور پر عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے  ہوئے متنبہ کیا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہ تمام ملوث فریقین کے خلاف تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کریں گے ۔ اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی سے متعلق دی اکانومسٹ میں شائع ہونے والے مضمون پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کی اس کوشش کا مقصد پاکستان یا اس کے عوام کو آگاہ کرنا نہیں بلکہ سیاسی انتقام کا جواز پیش کرنا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، معاشی تباہی، آئینی خلاف ورزیوں اور منظم طریقے سے چوری شدہ انتخابات کے حقیقی بحرانوں سے توجہ ہٹانا ہے ۔انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ حیرت انگیز بات عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو نشانہ بنانا ہے جو دو سال تین ماہ سے قید ہیں جبکہ مضمون میں پاکستان میں گزشتہ تین سال اور سات ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے اس پر خاموشی اختیار کی گئی ۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات منصفانہ نہیں ہیں۔ وقاص اکرم نے کہا کہ معافی نہ مانگنے کی صورت میں وہ اس میں ملوث تمام فریقین بشمول مصنفین اور دی اکانومسٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما شفیع جان نے بھی رپورٹ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو معاملات سے متعلق افواہوں کو تجزیہ بنانا قابلِ مذمت ہے ۔ سیاسی کردار کشی کے لیے اس نوعیت کی داستانیں تراشنا غیر سنجیدہ صحافت ہے ۔رپورٹ میں سنسنی خیز الزامات، گمنام ذرائع، گھریلو عملے کی افواہوں اور سیاسی مخالفین کے بیانات کو حقیقت بنا کر پیش کیا گیا ہے ، جو صحافتی اصولوں کے سراسر منافی ہے ۔ تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ذاتی زندگی کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کے سیاسی فیصلوں میں بھی بشری ٰبی بی کا اثرو رسوخ رہا۔سابق گورنر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اتنے ننھے کاکا نہیں کہ گھر میں سب کچھ ہورہا ہو اور ان کا علم نہ ہو، بانی پی ٹی آئی سادہ آدمی ضرور ہیں لیکن بے وقوف نہیں، بشریٰ بی بی سے شادی کے بعد بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں، رہن سہن میں تبدیلی آئی، شادی کے بعد بانی پی ٹی آئی کے فیصلہ سازی کا سٹائل تبدیل ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں