بلدیاتی بل پر پیش رفت نہ ہوئی تو سندھ میں صوبہ بنے گا : مصطفی کمال

 بلدیاتی بل پر پیش رفت نہ ہوئی تو سندھ میں صوبہ بنے گا : مصطفی کمال

آنے والے مہینوں میں بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیم آئے گی اور منظور بھی ہوگی اگر کابینہ میں یہ ترمیم پیش نہ ہوتی تو ہم استعفے دینے کا فیصلہ کرچکے تھے :متحدہ رہنما

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نے بلدیاتی نظام بل پر سنجیدگی سے بات نہ کی تو 18ویں ترمیم بھی متاثر ہوگی اور سندھ میں صوبہ بھی بنے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیم آنے والے مہینوں میں پارلیمنٹ میں پیش بھی ہوگی اور منظور بھی ہوگی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو آن کیمرہ مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جیسے آپ 18ویں ترمیم کا کریڈٹ لیتے ہیں، اسی طرح اس ترمیم کا کریڈٹ بھی لے لیں۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی 27ویں ترمیم میں اس بل کو شامل کرنے پر آمادہ نہیں تھی، تاہم حکومت نے اسے آئندہ ترمیم میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اگر اسے وسائل نہ ملے تو معاملات نہیں چل سکتے ۔ این ایف سی تو مل جاتا ہے مگر پی ایف سی کا وجود ہی نہیں۔بہادرآباد مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم اب پورے ملک کا مسئلہ بن چکی ہے ۔ پنجاب اسمبلی نے بھی اس کی حمایت میں متفقہ قرارداد منظور کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2024 میں ایم کیو ایم نے پہلی بار وزارتوں، اختیارات یا پیکیجز کا تقاضا نہیں کیا بلکہ صرف ایک نکاتی ایجنڈے -آئینی ترمیم-پر حکومت میں شامل ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ 26ویں ترمیم کے موقع پر نمبرز کم ہونے کے باعث بل موخر کرنا پڑا، 27ویں ترمیم کے دوران پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں نے ہمارے بل کی حمایت کی جس سے ڈیڈلاک پیدا ہوا، وزیراعظم نے قومی مفاد میں معاملہ اگلی ترمیم تک ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ یہ بل مردہ نہیں، مکمل طور پر زندہ ہے اور جلد اسمبلی میں آئے گا۔مصطفی کمال نے انکشاف کیا کہ اگر کابینہ میں یہ ترمیم پیش نہ ہوتی تو وہ ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرچکے تھے ، تاہم کابینہ نے اس کی بھرپور حمایت کی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی میڈیا پر اس کی تائید کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں