سابق قومی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان سپر لیگ پر کڑی تنقید

سابق قومی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان سپر لیگ پر کڑی تنقید

ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے ،عبدالقادر،پی سی بی دبئی منتقل ہو جائے ،محسن خان

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ شروع ہونے کے بعد ایک طرف اس کی کامیابی کے دعوے کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب سابق قومی کھلاڑیوں کی جانب سے کڑی تنقید کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔ سابق قومی لیگ اسپنر عبدالقادر نے اسے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کا باعث قرار دیا ہے تو ماضی کے افتتاحی بیٹسمین محسن خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی دبئی منتقل ہوجائے اور ایونٹ کا نام دبئی سپر لیگ رکھ دے ۔ عبدالقادر کے مطابق ورلڈ کپ سے لے کر اب تک قومی ٹیم مسلسل ناکامیوں سے دوچار ہو رہی ہے جس نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے علاوہ زمبابوے اور بنگلہ کے ہاتھوں بھی شکست کا داغ لگوایا اور ان ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پی ایس ایل کرائی جا رہی ہے ۔ سابق لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں نجم سیٹھی کا راج ہے اور وہ جو چاہتے ہیں وہی ہوتا ہے ۔ سابق کوچ اور چیف سلیکٹر محسن خان نے بھی پی سی بی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا نام دبئی سپر لیگ ہونا چاہئے تھا کیونکہ پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا لہٰذا اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ بھی دبئی شفٹ ہو جائے ۔ محسن خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ تو اپنے ملک میں ہی ہونا چاہئے تھی کیونکہ پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانا چاہئے مگر اس کی توجہ انٹرنیشنل لیگ پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں داغدار کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جا رہا ہے اور اگر ان کے ہاتھ میں پی سی بی کے معاملات ہوتے تو ایسا کبھی نہیں ہونے دیتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں