ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ سلواکیہ کے مارٹن کلیزان نے فائنل میں جگہ بنالی

ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ سلواکیہ کے مارٹن کلیزان نے فائنل میں جگہ بنالی

نکولس ماہوٹ کو لاسٹ فور مرحلے میں شکست،لیڈیز ٹینس ٹرافی کا فیصلہ کن معرکہ بیلنڈا بین چچ اور رابرٹا ونچی کے درمیان ہوگا

روٹرڈیم،سینٹ پیٹرزبرگ(اسپورٹس ڈیسک)ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ میں سلواکیہ کے مارٹن کلیزان نے فائنل میں جگہ بنا لی جب فرنچ کوالیفائر نکولس ماہوٹ کو ان کے ہاتھوں لاسٹ فور مرحلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،لیڈیز ٹینس ٹرافی کا فیصلہ کن معرکہ بیلنڈا بین چچ اور رابرٹا ونچی کے درمیان ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق روٹرڈیم میں جاری ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سلواکین کھلاڑی مارٹن کلیزان نے فرنچ کوالیفائر نکولس ماہوٹ کو سخت مقابلے کے بعد سات،چھ ، چھ ،سات اور چھ ،دو سے شکست دے کر فائنل میں قدم رکھ دیا۔ اس سے قبل ہونے والے کوارٹر فائنل مرحلے کے میچوں میں جرمنی کے فلپ کولشرائبر نے نمبر دو سیڈ کروشیا کے مرین سلچ کو چھ،تین، تین،چھ اور چھ،چار سے ٹھکانے لگا کر اپ سیٹ کر دیا جبکہ نمبر پانچ سیڈ فرنچ اسٹار گیل مونفلس نے جرمن حریف الیگزینڈر زویریو کو سات،چھ اور چھ،تین سے ہرا کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں جاری لیڈیز ٹینس ٹرافی میں نمبر ایک سیڈ سوئس کھلاڑی بیلنڈا بین چچ کی کامیاب پیشقدمی نہ رک سکی جنہوں نے روسی حریف ڈاریا کاساٹکینا کو چھ،چار اور چھ،تین سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ نمبر دو سیڈ اٹالین حریف رابرٹا ونچی سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں نمبر چار سیڈ سربیا کی اینا ایوانووچ کو حیران کن شکست سے دوچار کر دیا۔ رابرٹا ونچی کو پہلے سیٹ میں مزاحمت کرنا پڑی جب سربین حریف کھیل کو ٹائی بریک تک لے گئیں لیکن سات،پانچ سے کامیاب اٹالین کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں چھ،چار سے جیت کر اینا ایوانووچ کا ایونٹ سے صفایا کرڈالا۔ ادھر تائیوان اوپن ٹینس کی فائنل لائن اپ بھی مکمل ہو گئی جہاں فیصلہ کن معرکے میں امریکا کی ونس ولیمز کو جاپانی حریف میساکی ڈوئی کا چیلنج درپیش ہوگا۔ سیمی فائنلز میں وینس ولیمز نے قازقستان کی یولیا پوٹینٹسیوا کو اور میساکی ڈوئی نے چائنیز تائپے کی سو وائی سیہ کو ہرایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں