دو ٹیسٹ میچز کا مجوزہ شیڈول سری لنکن بورڈ آفیشلز کے سپرد

دو ٹیسٹ میچز کا مجوزہ شیڈول سری لنکن بورڈ آفیشلز کے سپرد

مہمان وفد قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے بعد مطمئن،سیکیورٹی اداروں کی موثر بریفنگ

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کے دورے پر آنے والے سری لنکن سیکیورٹی وفد کی جانب سے اطمینان کے بعد پی سی بی نے رواں برس دو ٹیسٹ میچوں کا مجوزہ شیڈول بھی سری لنکن بورڈ آفیشلز کے سپرد کردیا ہے جو لاہور میں بھی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موثر بریفنگ پر پراعتماد دکھائی دیئے ۔واضح رہے کہ کراچی اور لاہور میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے والا وفد جس کی سربراہی کرکٹ سری لنکا کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کر رہے ہیں آج وطن واپسی پر اپنی رپورٹ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ارسال کرے گا جس کی بنیاد پر سری لنکن ٹیم کو پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مجوزہ شیڈول بھی سری لنکن حکام کے سپرد کردیا ہے جس کے تحت کراچی میں پہلا ٹیسٹ یکم سے پانچ اکتوبر تک جبکہ دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔دوسری جانب سری لنکن سیکیورٹی وفد نے گزشتہ روز لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کے علاوہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں اراکین کو سیکیورٹی انتطامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق احمد خان نے بھی حفاظتی اقدامات کی مکمل یقین دہانی کرادی۔مہمان آفیشلز کو ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم تک روٹس،ہوٹل،پارکنگ اوردیگر اہم مقامات پر پولیس فورس کی تعیناتی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تعاون کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔سیکیورٹی اداروں کی جانب سے وفد کے اراکین کو لاہور میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل میچز کے کامیابی سے انعقاد سے متعلق تفصیل بھی بتائی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور وفد کے اراکین کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کے نظام کو دیکھ کر متاثر ہوئے جس کے باعث امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سری لنکن ٹیم رواں سال پاکستان کے دورے پر آجائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں