لیموں کے 14 فائدے ،آ پ بھی مستفید ہوسکتے ہیں

لیموں کے 14 فائدے ،آ پ بھی مستفید ہوسکتے ہیں

لیموں گرمیوں میں اپنے رس کی بدولت پاکستان سمیت دنیابھر میں بہت زیادہ استعمال ہونیوالا پھل ہے

لاہور (دنیانیوز)لیموں گرمیوں میں اپنے رس کی بدولت پاکستان سمیت دنیابھر میں بہت زیادہ استعمال ہونیوالا پھل ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے یا پینے سے ہٹ کر بھی یہ کیا کرشمے دکھا سکتا ہے ؟ ۔ درحقیقت یہ ترش پھل آپ کو صحت مند، خوبصورت، صفائی دے سکتا ہے اور اچھا باورچی بنا سکتا ہے ۔ :1فریج میں بو کاخاتمہ فریج میں بس جانے والی بو کو ختم کرنے کیلئے لیموں کے رس سے کسی روئی یا سفنج کو بھگوئیں اور اسے کچھ گھنٹوں کیلئے فریج کے اندر چھوڑ دیں، اس دوران یہ بات یقینی بنائیں کہ کوئی بو پیدا کرنے والی چیز فریج میں نہ ہو۔ :2المونیم کے برتن چمکائیں آپ بدنما المونیم کے برتنوں کو اندر اور باہر سے چمکانا چاہتے ہیں تو لیموں کو آدھا کاٹ کر اسے برتن پر ہر جگہ رگڑیں اور پھر کسی نرم کپڑے سے پونچھ دیں۔ :3کیڑوں کو کچن سے بھگائیں آپ کو مہنگے سپرے کی ضرورت نہیں جو چیونٹیوں کو کچن سے دور رکھ سکے ۔ سب سے پہلے تو لیموں کا رس کچھ مقدار میں فرش پر دہلیز کے مقام پر اور کھڑکیوں پر چھڑک دیں، اس کے بعد ایسے کسی سوراخ یا دراڑ میں اس رس کو ڈالیں جہاں سے چیونٹیاں آتی ہوں۔ آخر میں لیموں کے چھلکے کے چھوٹے ٹکڑے کرکے بیرونی دروازے کے گرد رکھ دیں، چیونٹیاں دور ہوجائیں گی۔ لیموں لال بیگ اور پسو وغیرہ کیلئے بھی کارآمد ثابت ہوتا ہے ، سب سے پہلے چار لیموں کارس چھلکوں سمیت 2 لٹر پانی میں مکس کریں اور پھر فرش کو اس سے دھولیں اور پھر آپ خود لال بیگوں کووہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھیں گے کیونکہ انہیں اس کی خوشبو سے نفرت ہے ۔ :4مائیکرو ویو کی صفائی کریں مائیکرو ویو کے اندر اکثر چکنائی اور دیگر چیزیں جم جاتی ہیں اور ان کی صفائی اگر کھرچے یا کسی تیز کلینر سے نہ کرنا چاہیں تو تین چائے کے چمچ لیموں کے رس کو ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کرکے کسی مائیکرو ویو میں رکھے جانیوالے ڈونگے میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مائیکرو ویو کو 5 سے 10 منٹ تک چلائیں جس سے پیدا ہونے والا دھواں اندرونی دیواروں اور چھت میں جذب ہوجائے گا جس کے بعد جم جانے والی چکنائی یا دیگر دیگر چیزیں نرم ہوجائیں گی جنہیں صاف کرلیں۔ :5چہرے کی چھائیاں ختم کریں جب آپ کے پاس لیموں کا عرق ہے تو مہنگی کریموں کو کیوں خریدتے ہیں، چہرے یا جسم پر چھائیاں پڑجانے پر لیموں کے عرق کو براہ راست متاثرہ حصے پررگڑ کر 15 منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں، یہ جلد کو جگمگانے والا ایک محفوظ اور موثر پھل ہے ۔ 6:چہرے کوصاف رکھیں آپ اپنے چہرے کو لیموں کے عرق سے دھوئیں تو یہ قدرتی کلینر کا کام کرتا ہے اور چند دن تک اس کے استعمال سے جلد میں نمایاں بہتری آتی ہے ۔ 7:بالوں کی خشکی سے نجات پائیں اگر سر میں کھجلی اور خشکی نے آپ کو تنگ کررکھا ہے تو اس سے ریلیف کیلئے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق کی مالش اپنے سر پر کریں اور پھر پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس ایک کپ پانی میں ملائیں اور اس سے اپنے بال دھولیں۔ اس عمل کو روزانہ اس وقت تک دہرائیں جب تک خشکی غائب نہ ہوجائے ۔ 8 :خراشوں سے ریلیف ملے چھوٹی خراشیں آجانے پر ان پر کچھ قطرے لیموں کا رس ڈالیں یا روئی کو رس میں بھگو کر متاثرہ جگہ پر ایک منٹ تک کے لیے دبا کر رکھیں۔ 9:مسوں سے نجات پائیں اگر آپ نے مسوں سے نجات کیلئے متعدد نسخے آزمائے ہیں اور کوئی کام نہیں آیا تو اگلی بار روئی کے ذریعے لیموں کے رس کو براہ راست اس جگہ پر لگائیں، اس عمل کو اتنے دن تک دہرائیں جب تک لیموں کے عرق میں موجود تیزابی اثرات مسوں کو مکمل طور پر تحلیل نہ کردیں۔ 10:کپڑوں کو بلیچ کریں گرم پانی میں لیموں کا عرق شامل کریں اور اس میں اپنے سفید کپڑے بھگو دیں، کچھ دیر بعد انہیں معمول کی طرح نچوڑ کر دھولیں۔ اس کے علاوہ آپ واشنگ مشین میں بھی بلیچ کی جگہ آدھا کپ لیموں کا جوس ڈال کر بھی بہترین نتیجہ حاصل کرسکتے ہیں۔ 11:سفید کپڑوں کو زیادہ سفیدکریں اپنے سفید کپڑوں کو زیادہ سفید کرنا چاہتے ہیں تو لیموں کا رس کپڑے دھونے والے پانی میں ملادیں، آپ کے کپڑے زیادہ جگمگانے لگیں گے جبکہ ان میں لیموں کی خوشبو بس جائے گی۔ 12ـ:سنگ مرمر کو چمکائیں سنگ مرمرکے فرش پر سے زنگ کے دھبوں کو ہٹانے کیلئے کھانے کا سوڈا داغ پر چھڑکیں اور اس پر کچھ لیموں کا رس ڈال دیں، اس جگہ کو رگڑیں، ضرورت پڑنے پر پھر سوڈا اور لیموں کا عرق ڈالیں، اس کے بعد صاف گیلے کپڑے سے اس جگہ کو صاف کردیں، آپ کا فرش جگمگانے لگے گا۔ 13:فرنیچر کو پالش کریں اپنے گھر کے فرنیچر کیلئے گھریلو ساختہ پالش تیار کریں جس کی مہک اچھی اور لاگت کسی عام پالش کے مقابلے میں بہت کم ہے ، بس لیموں سے رس نکال کر اسے زیتون کے تیل میں شامل کریں ہلانے کے بعد اس محلول کو کپڑے پر ڈال کر اپنے فرنیچر کو پالش کریں، آپ کرسیوں اور میزوں کی چمک کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے ۔ 14:پانی کے دھبوں کی صفائی پانی کے نتیجے میں نلکوں اور شاور وغیرہ پر نظر نہ آنے والے دھبے پڑ جاتے ہیں اور بتدریج جم کر موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں، جس کی صفائی کیلئے ایک لیموں کو کاٹ کر اسے اپنے نلکے یا شاور پر رگڑیں جس سے نلکے اور شاور چمکنے لگیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں