حفاظتی تدابیرکیساتھ سحری تک کاروبارکی اجازت کا مطالبہ
عیدبعدکاروبار پر عائد پابندی ختم، لاک ڈاؤن سے گریز کیا جائے ،اسلام آباد چیمبر
اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے رش سے بچنے کیلئے ایس او پیز کے ساتھ 24گھنٹے کیلئے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے ، انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان میں بھی ایس او پیز کے ساتھ کاروباری اوقات کو صبح 10 بجے سے سحری تک جاری رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 16 مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے سے ہرممکن گریز کیا جائے کیونکہ عید کے بعد تاجر برادری مزید لاک ڈاؤن کی متحمل نہیں ہو گی، گزشتہ دنوں مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور یہ دیکھا کہ تاجر برادری اور صارفین کی اکثریت ایس او پیز پر عمل پیرا ہے ۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری کاروبار پر پابندیوں کو ختم کرنے اور اوقات کار میں توسیع کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے کیونکہ گزشتہ لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے وہ پہلے ہی بھاری نقصان اٹھا چکے ہیں، تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ این سی او سی چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشن کی مشاورت کے بغیر کاروبار پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کر رہی ہے حالانکہ تاجر برادری اس معاملے میں سب سے اہم اسٹیک ہولڈر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے معیشت کو پہلے ہی تقریبا ً2.5کھرب روپے کا نقصان ہو چکا ہے لہٰذا یہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ حکومت عید کے بعد کاروبار پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے اور مزید کسی لاک ڈاؤن سے گریز کرے کیونکہ اگر مزید لاک ڈاؤن کیا گیا تو اس کے معیشت اور کاروبار پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے ۔