قابل تجدید توانائی ،36 ارب کی فنانسنگ کرچکے ، گورنر اسٹیٹ بینک

 قابل تجدید توانائی ،36 ارب کی فنانسنگ کرچکے ، گورنر اسٹیٹ بینک

مرکزی بینک نے 850میگاواٹ بجلی پیداوار کے 521منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کی اسکیم کا شریعت سے ہم آہنگ ورژن متعارف کراچکے ، رضا باقر کاویبی نار سے خطاب

کراچی(بزنس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ مرکزی بینک فروری 2021 تک 850میگاواٹ بجلی پیداوار کے 521منصوبوں کیلئے تقریباً36 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کرچکا ہے ، یہاں اسٹیٹ بینک اور یونی لیور کے مشترکہ ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک اس فنانسنگ اسکیم کا شریعت سے ہم آہنگ ورژن بھی اگست 2019ء میں متعارف کراچکا ہے ، ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ پائیدار ترقی کی فنانسنگ وقت کی ضرورت ہے اور مالی اداروں کا اس شعبے میں اہم کردار ہے ، اس سہولت سے استفادہ کرکے یونی لیور اپنی 30 فیصد فیکٹریوں کو قابل تجدید توانائی میں تبدیل کر چکا ہے ، پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں چیلنج کا سامنا ہے ، اسی لیے اسٹیٹ بینک نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ د ینے کیلئے فنانسنگ اسکیم جاری کی ، یہ اسکیم وقت گزرنے کے ساتھ ارتقا پذیر ہوئی اور اس کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر باقر نے شرکا پر زور دیا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، یہ اسکیم کئی قسم کے اداروں اور افراد کو 400 ملین روپے تا 6 ارب روپے مالیت کے مختلف قسم کے فنانسنگ آپشن فراہم کرتی ہے ، ان میں کیپٹو انرجی یونٹس کے ساتھ کمرشل منصوبے اور انفرادی صارفین شامل ہیں جو قومی گرڈ سے اضافی پیداوار کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو قابلِ تجدید ذرائع سے پورا کیا جائے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے صاف توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں