یورپی یونین کیلئے برآمدات میں1.10ارب ڈالراضافہ

یورپی یونین کیلئے برآمدات میں1.10ارب ڈالراضافہ

دس ماہ میں برآمدی حجم 7 ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ،مشیرتجارت

کراچی(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران یورپی یونین کے لیے پاکستانی برآمدات میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، برآمدی حجم سات ارب 47 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے ۔مشیر تجارت نے ٹویٹر پر پیغام میں لکھا کہ جولائی2020 سے اپریل 2021 کے درمیان یورپی یونین کیلئے پاکستانی برآمدات میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا، اس عرصے میں یورپی یونین کیلئے برآمدات 7ارب 47کروڑ 40لاکھ ڈالر رہیں،گزشتہ سال کے اسی عرصے میں برآمدات 6ارب 36کروڑ 70لاکھ ڈالر تھیں۔ عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پولینڈ کیلئے پاکستانی برآمدات میں 23فیصد، سویڈن کیلئے 21فیصد اور نیدرلینڈ کیلئے 21 فیصد اضافہ ہوا جب کہ جرمنی کے لیے برآمدات 19فیصد، فرانس 14 ،بلجیم 12اور اٹلی کے لیے برآمدات 4فیصد بڑھیں،دس ماہ مین اسپین کو برآمدات میں 2فیصد اضافہ ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے ، مشکل حالات میں برآمدات میں اضافے پر برآمدکنندگان کی کارکردگی قابل ستائش ہے ، برآمدکنندگان کو سہولیات کی فراہمی پر ٹریڈ افسران کی کارکردگی بھی قابل تعریف ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں