حفاظتی تدابیر کیساتھ فوری ریسٹورنٹس کھولنے کا مطالبہ
مطالبہ تسلیم نہ کیا تو وزیراعظم ہاؤس کا رخ کرینگے ،ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن
کراچی(بزنس رپورٹر)ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ایس او پیز کے ساتھ فوری ریسٹورنٹس کھولنے کا مطالبہ کردیا ہے اورساتھ ہی دھمکی دے دی کہ اگر مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو عید کے بعد وزیراعظم ہاؤس کا رخ کرینگے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی چیمبراور آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری طور پر ریسٹورنٹ کھولنے کامطالبہ کردیا ہے ،بدھ کوصدر ایف پی سی سی آئی ناصر حیات مگوں نے کنوینر آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن وقاص عظیم ، نائب صدرایف پی سی سی آئی اطہر چاولہ،شوکت سلیمان اوردیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسا مذاق ہے کہ ایک نوٹیفکیشن پر سب کچھ بند ہوجاتا ہے ،چھوٹے ریسٹورنٹس والے بہت زیادہ مشکلات کا شکار ہیں جب کہ اب بڑے ریسٹورنٹ والے بھی پریشانی سے دوچار ہوگئے ہیں،کورونا ایک حقیقت ہے جس کے ساتھ ہمیں جینا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے این سی او سی کو ریسٹورنٹ کھولنے کی اجازت دینے کیلئے قائل کیا جائے اورشادی ہال بھی ایس او پیز کے ساتھ کھولے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کیلئے سب سے زیادہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے ، بہت ہوگیا اور اب ریسٹورنٹس کو ڈائننگ کی اجازت دی جائے ،ہم کوشش کرینگے کہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کے معاملات این سی او سی سے خوش اسلوبی سے طے ہوجائیں۔