زراعت کیلئے فنڈزناکافی ، 50ارب تک بڑھانے کا مطالبہ
نیشنل ایگری کلچر ایمرجنسی پروگرام کا اعلان خوش آئند ،فروٹ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز وفاق سے زیادہ صوبوں کو زراعت کی بہتری کیلئے بجٹ رکھنے کی ضرورت ،وحید احمد
کراچی (بزنس رپورٹر)پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ میں زراعت کیلئے 12ارب روپے کے فنڈز کو ناکافی قرار دیتے ہوئے زرعی ترقی کا وفاقی بجٹ 50ارب روپے تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خود اعتراف کیا کہ پاکستان کو غذائی شعبے میں خسارے کا سامنا ہے اور خوراک کا بڑا حصہ درآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں زرعی شعبے کو جدید بنانے کیلئے فارمرز کو ان پٹ یعنی دواؤں ، کھاد، زرعی مشینری آلات کیلئے سپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ، حکومت نے تسلیم کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور فوڈ سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے پیداوار بڑھانا ہوگی کیونکہ پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود بڑے پیمانے پر خوراک درآمد کررہا ہے اور پاکستان کو خوراک کے شعبہ میں خسارے کا سامنا ہے یعنی ہم اپنی ضرورت کا غلہ پیدا کرنے میں ناکام ہیں ،حکومت نے نیشنل ایگری کلچر ایمرجنسی پروگرام کا بھی اعلان کیا جو خوش آئند امر ہے ، پاکستان میں خوراک کی خود کفالت کیلئے ضروری ہے کہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پر توجہ دی جائے ۔ وحید احمد نے کہا کہ وفاقی حکومت سے زیادہ صوبائی حکومتوں کو زراعت کی بہتری کیلئے بجٹ رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ 18 ویں ترمیم کے بعد زراعت کی بہتری صوبوں کی ذمہ داری ہے ۔