در آمدی گاڑیوں کیلئے مراعات دی جائیں ،راشد محمود
بجٹ میں مقامی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ سے قیمتوں میں کمی کا امکان ہے ،بیان
کراچی(بزنس رپورٹر)آٹو سیکٹر سے وابستہ راشد محمود اعوان نے کہا کہ حکومت کو در آمدی گاڑیوں کے ضمن میں بھی مراعات کا اعلان کرنا چاہیے کیوں کہ در آمدی گاڑیوں میں جو خصوصیات اور حفاظتی فیچرز شامل ہوتے ہیں،مقامی کار ساز ادارے ایسی خصوصیات کی فراہمی میں ناکام رہے ہیں جب کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی کاریں متوسط طبقہ کی پہنچ سے بھی دور ہوگئی ہیں۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وفاقی بجٹ میں مقامی کار مینو فیکچرنگ سیکٹر کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے خاتمے اور سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کے نتیجے میں کاروں کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے ،850سی سی کی مقامی کار پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمہ اور سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے گھٹا کر12.5فیصد کرنے سے 850سی سی کی کار کی قیمت میں ایک لاکھ تا سوا لاکھ روپے کی کمی متوقع ہے ۔