سائٹ ایسوسی ایشن نے بجٹ کو درست سمت میں پہلا قدم قرار دیدیا

سائٹ ایسوسی ایشن نے بجٹ کو درست سمت میں پہلا قدم قرار دیدیا

ٹیکس دہندگان اب سیلف اسسمنٹ اسکیم کے تحت از خود اسسمنٹ کرسکیں گے ،صدر

کراچی(آن لائن)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے وفاقی بجٹ 2021-22 کو درست سمت میں پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صنعتکار برادری کے ایف بی آر حکام کے بے جا اختیارات کو کم کرنے کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے تاجر برادری کو ہراساں کرنے کا راستہ تقریباً بند کردیا ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم بجٹ میں اب بھی بہت سے امور پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔ ایک بیان میں عبدالہادی نے کہاکہ حکومت کے اعلان کردہ وفاقی بجٹ کے مطابق ٹیکس دہندگان اب سیلف اسسمنٹ اسکیم کے تحت از خود اسسمنٹ کرسکیں گے اور ایف بی آر کی مداخلت نہیں ہوگی جبکہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے آڈٹ کیا جائے گا جو کہ خوش آئند ہے کیونکہ اس اقدام سے یقینی طور پر ایف بی آر میں رشوت کا دروازہ بند ہوجائے گا اور جو لوگ ٹیکس نیٹ میں آنے سے کتراتے ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی ترغیب ملے گی جس سے ملک کو خطیر ریونیو حاصل ہوگا۔ انہوں نے ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمے اور خام مال پر ڈیوٹیز میں کمی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس اقدام سے نہ صرف برآمدی صنعتوں کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی صنعتیں بھی اپنے پاؤں پر کھڑی ہوسکیں گی اور ملکی برآمدات کو بھی زبردست فروغ حاصل ہوگا تاہم حکومت نظرثانی کرتے ہوئے زیروریٹڈ ریجم بحال کرے اور اگر ایسا کرنے میں کوئی مشکل حائل ہے تو کم ازکم 17فیصد سیلز ٹیکس کو 5فیصد کیا جائے تاکہ تجارت وصنعت کا پہیہ بلارکاوٹ گھوم سکے اور برآمدکنندگان بین الاقوامی مارکیٹوں میں مسابقت کے قابل ہوسکیں، نیز ان اقدامات کے نتیجے میں برآمدات میں بھی اگلے سال تک4سے 5ارب ڈالر کا اضافہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں