بجٹ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانیکا کردار ادا کریگا:میاں کاشف

بجٹ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانیکا کردار ادا کریگا:میاں کاشف

نئے ٹیکسز نہ لگانے کی پالیسی سے نیٹ میں پہلے سے موجود لوگوں کو ریلیف ملا ہے سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی:چیئرمین فیڈمک کی گفتگو

فیصل آباد (نمائندہ دنیا)چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ بجٹ 2021 ملکی معیشت کی مکمل بحالی اور عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بجٹ بزنس فرینڈلی ہے جس میں انڈسٹری اور معاشی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم عمران خان، وزیر خزانہ شوکت ترین اور پوری فنانس ٹیم بہترین بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین کی مستحق ہے ۔ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کا اس بات پر خصوصی شکریہ کہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لئے حکومت نے 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس ختم کرنے کے علاوہ سیلز ٹیکس میں کمی کر کے انڈسٹری کو نمایاں ریلیف دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک زونز میں بجلی، گیس اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کئے ہیں جس سے ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ میں اضافہ ہو گا۔ بجٹ میں ہر شعبے کے لئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت نے زبانی دعوے نہیں کئے بلکہ ہر شعبے کی ترقی کے لئے یکساں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نئے ٹیکسز نہ لگانے کی پالیسی سے ٹیکس نیٹ میں پہلے سے موجود لوگوں کو ریلیف ملا ہے جبکہ ایسے ادارے اور افراد جو ٹیکس نیٹ میں موجود نہیں ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کی پالیسی سے ریونیو میں اضافہ ہو گا۔ ٹیکس کے حوالے سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا انقلابی فیصلہ کر کے تاجروں اور صنعت کاروں کو ایف بی آر کی جانب سے درپیش مسائل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا ہے کہ کیپٹل گین ٹیکس میں کمی سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا جبکہ بڑے پیمانے پر خام مال پر ڈیوٹی میں کمی سے صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ بجٹ میں ہر خاندان کو صحت کارڈ کی فراہمی کے علاوہ کاروبار کے لئے پانچ لاکھ رو پے جبکہ مکان بنانے کے لئے 20 لاکھ روپے کے سستے قرضوں کی فراہمی ایسے عوام دوست اقدامات ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ کاشف اشفاق

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں