کراچی کی 3 ڈیری ایسوسی ایشنز پرائس فکسنگ میں ملوث

کراچی کی 3 ڈیری ایسوسی ایشنز پرائس فکسنگ میں ملوث

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز، ڈیری فارمر اور کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن شامل

کراچی(بزنس رپورٹر)مسابقتی کمیشن نے کراچی میں ڈیری مافیا کی لوٹ مار کی تحقیقات مکمل کرلیں، ڈیری سیکٹر میں تین ایسوسی ایشنز کا کارٹل قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کا ذمہ دار نکلا، دودھ کی غیرقانونی قیمت سے صارفین کو یومیہ 13کروڑ اور سالانہ 47ارب کا نقصان ہورہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انکوائری رپورٹ میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی کی تین بڑی ڈیری ایسوسی ایشنز بادی النظرمیں کارٹلائزیشن اور پرائس فکسنگ میں ملوث ہیں،کا رٹل بناکر قیمتیں بڑھانے والی انجمنوں میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن، ڈیری فارمر ایسوسی ایشن اور کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقابلے میں صرف کراچی میں دودھ مہنگا ہوا،کراچی میں دودھ 94روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے 120 روپے لٹر میں فروخت ہورہا ہے۔ انکوائری کمیٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پرائس فکس کرنے کا فیصلہ بنیادی طور پر ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کراچی نے لیا۔ ڈیری کارٹل میں شامل انجمنوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں