الیکٹرک وہیکل چارجرزکیلئے کورین کمپنی نے معاہدہ کر لیا

 الیکٹرک وہیکل چارجرزکیلئے کورین کمپنی نے معاہدہ کر لیا

شمسی توانائی سے چلنے والے چارجنگ سسٹم بھی جلد متعارف کرائے جائیں گے

کراچی(بزنس رپورٹر)بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی ترویج کیلئے حکومت کی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ کورین کمپنی نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ الیکٹرک وہیکل چارجرز اور اسٹوریج کی سہولت کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت طے کرلی ہے جس کے تحت اگلے مرحلے میں پاکستان میں ہی الیکٹرک وہیکل چارجرز تیار کیے جائیں گے ۔زی سولر پرائیوٹ لمیٹڈنے گلوبل ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو وسیع کرتے ہوئے کوریا کی aeonus Co.Ltd کے ساتھ اشتراک عمل کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ کورین کمپنی کے ساتھ زی سولر کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں جو سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے ان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے 50kW پاور کے تیز رفتار (لیول 3) ڈی سی چارجرز، 7kWپاور کے (لیول 2)اے سی وہیکل چارجرز اور اسمارٹ موبلیٹی چارجنگ آؤٹ لیٹس شامل ہیں،شراکت داری کے نتیجے میں کورین کمپنی پاکستان میں شمسی توانائی سے چلنے والے چارجنگ سسٹم اور الیکٹرک انرجی اسٹوریج سسٹم بھی متعارف کرائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں