لاک ڈاؤن کے باوجود10.14ارب ڈالر کی مشینری درآمد

 لاک ڈاؤن کے باوجود10.14ارب ڈالر کی مشینری درآمد

مالی سال 2019-20 کے مقابلے میں 15.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد(رپورٹ:ساجدچودھری)کورونا لاک ڈاؤن کے باوجود2020-21 کے دوران نئی صنعتوں کے قیام اور پرانی صنعتوں کی توسیع کیلئے 10 ارب 14 کروڑ ڈالر کی مشینری، پلانٹس اور دیگر آلات درآمد کیے گئے ، 2019-20کے دوران 8ارب 78 کروڑ ڈالر مالیت کے پلانٹس اور مشینری درآمد کی گئی تھی۔ اس طرح صنعتی مشینری اور آلات کی درآمد میں 15.45 فیصد اضافہ ہوا ہے ، فور جی اور فائیو جی سہولتوں کیلئے دستیاب فاضل اسپیکٹرم کی نیلامی کے بعد موبائل فون کمپنیوں نے اپنے نیٹ ورک کو توسیع دینے کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے 2019-20 میں 1 ارب 36 کروڑ ڈالر مالیت کی مشینری درآمد کی تھی جبکہ گزشتہ مالی سال حجم 2 ارب 59 کروڑ 5 لاکھ ڈالر رہا۔ 2019-20 میں 1 ارب 36 کروڑ ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے جبکہ 2020-21 میں درآمدات 2 ارب 6 کروڑ 51 لاکھ ڈالر رہیں۔ 2019-20میں1 ارب 37 کروڑ ڈالر مالیت کی بجلی پیدا کرنے والی مشینری درآمد کی گئی تھی جبکہ گزشتہ مالی سال 1 ارب 91 کروڑ کی مشینری درآمد کی گئی۔ 2019-20 میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی مشینری کی درآمدات 43 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تھیں جو 2020-21 میں بڑھکر 59کروڑ 20لاکھ ڈالر رہیں ۔ زرعی مشینری کی درآمدات 9کروڑ 45 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ 2019-20میں کان کنی کیلئے مشینری کی درآمدات 19 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 2020-21 میں 14 کروڑ 12 لاکھ تک آ گئیں۔ آفس مشینری کی درآمدات بڑھ کر 46 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ الیکٹریکل مشینری کی درآمدات کم ہوکر 1 ارب 68 کروڑ ڈالر ہوگئی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں