ٹیکس بیس وسیع کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم

ٹیکس بیس وسیع کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم

وزیرخزانہ سرپرست،انیق خاورچیئرمین،چھوٹے تاجروں کورجسٹر کیاجائے گا

اسلام آباد(رپورٹ:ساجدچودھری)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے 2022-23 میں ٹیکسوں کی بنیاد وسیع کرنے اور وصولیوں کو ممکنہ طور پر 7 ہزار ارب تک لے جانے کی کوششوں کا آغاز کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ۔ وزیر خزانہ خود اس کمیٹی کے سرپرست ہونگے جبکہ انیق خاور کو اس کمیٹی کا نیا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے ۔ یہ کمیٹی آئندہ وفاقی بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ کار کچھ نئے شعبوں تک بڑھانے ، ٹیکس نیٹ میں موجود شعبوں سے پوری طرح ٹیکس وصولی، ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کے راستے بند کرنے کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی بڑے اسٹورز کی سیلز ٹیکس کے نظام میں رجسٹریشن کے ساتھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ کا حصہ بنانے کیلئے بھی خدمات فراہم کریگی، اس وقت ملک میں 70 لاکھ کے قریب چھوٹے تاجر ہیں جن میں سے چند ہزار پوش اور ائر کنڈیشنڈ اسٹورز کے مالکان ہیں جنہیں ایف بی آر نے آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کے تحت رجسٹر کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،اب حکومت نے چھوٹے تاجروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کے اختیارات حاصل کر لیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں