موٹرسائیکل،موبائل فون کی برآمدجلدشروع،مشیرتجارت

موٹرسائیکل،موبائل فون کی برآمدجلدشروع،مشیرتجارت

رواں سال میں38.70ارب ڈالربرآمدی ہدف،عبدالرزاق دائو د

اسلام آباد(نمائندہ دنیا )مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2021-22 کیلئے برآمدات اور برآمدی خدمات کا ہدف 38.70 ارب ڈالر رکھا گیا ہے جس میں برآمدات کا ہدف 31.2 ارب ڈالر اور برآمدی خدمات کا ہدف 7.5 ارب ڈالر رکھا گیا ہے ، گزشتہ مالی سال 2020-21 میں برآمدات 25.3 ارب ڈالر اور برآمدی خدمات کا حجم 6 ارب ڈالر رہا، ملک سے موٹر سائیکل اور موبائل فون کی برآمد جلد شروع ہوگی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا جولائی میں برآمدات 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر رہیں، آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا، ہماری میک ان پاکستان کی پالیسی ہے ، پاکستان برآمدات 40 ارب ڈالر کے ہدف تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، آئندہ پانچ سال میں برآمدات کی مد میں ٹیکسٹائل سیکٹر پر انحصار کم ہوجائے گا اور دیگر شعبوں کی برآمدات شروع ہو جائیں گی، ملک میں موٹر سائیکل کی پیداوار ریکارڈ سطح پر ہے ، 10 ہزار موٹر سائیکلز کی برآمد کے آرڈر موصول ہوئے ہیں، ملک میں مقامی سطح پر موبائل فون کی پیداوار شروع ہوچکی ہے ، سام سنگ بھی اپنی فیکٹری لگارہا ہے ۔ شہباز گل نے کہا وزیراعظم عمران خان سے بڑے برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، وزیراعظم ذاتی طور پر ہر ماہ برآمد کنندگان کے مسائل سنیں گے جبکہ وزیر خزانہ ہر پندرہ دن بعد برآمد کنندگان سے ملاقات کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے بتایا کہ دنیا میں چینی کی قیمت میں 56 فیصد اضافہ ہوا، قیمتوں میں اتار چڑھائو طلب اور رسد کی بنیاد پر ہوتا ہے ، کسی کو سستی اشیا بیچنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، چینی کے کارٹلائزیشن کیخلاف لڑ رہے ہیں، اس سال چینی کی پیداوار کم ہونے کے باوجود دوگنا ٹیکس اکٹھا کیا گیا، 1100 ارب روپے شوگر مافیا سے نکال کر کسانوں کو دیئے ، ماضی میں حکومت میں بیٹھے لوگ قیمتیں بڑھنے پر پیسہ بناتے رہے ۔ شہباز گل نے کہا اب ہمیں پولیٹیکل اینڈ پر سب شانتی ہے ، ایسے ماحول میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں جب چچا کہہ رہے ہیں استعفیٰ دے دیا، کوئی اور کہہ رہا ہے کہ استعفیٰ نہیں دیا، پہلے دو سال تو ہمیں دیوالیہ ہونے کے لالے پڑے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں