ڈالر کی قدرمیں یکدم بڑااضافہ،نو ماہ کی بلند سطح پرپہنچ گیا
انٹربینک میں ڈالر 163.95،اوپن مارکیٹ میں 164.20روپے ریکارڈ سونا600مہنگا،فی تولہ ایک لاکھ دس ہزار600روپے کا ہوگیا ،چاندی مستحکم
کراچی (بزنس رپورٹر، دنیا نیوز)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت میں یکدم ڈیڑھ روپے سے زائدکابڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں انٹربینک میں ڈالر163اوراوپن مارکیٹ میں 164روپے کی بلند سطح پرپہنچ گیا جو نوماہ میں ڈالرکی بلند ترین سطح ہے ، اس دوران روپے کی قدر میں 3.9 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی،ادھر فی تولہ سونا 600 روپے مہنگا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر 1.35روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالرکی قیمت خرید163.85روپے اور قیمت فروخت163.95روپے ہو گئی، اسی طرح 1.64 روپے کے اضافے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید163.70روپے اور قیمت فروخت 164.20 روپے پر جا پہنچی ،اسی طرح یورو کی قدر میں80پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 192.50روپے اور قیمت فروخت 194 روپے ہو گئی جبکہ ایک روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 225.50 روپے اور قیمت فروخت 227 روپے پر جا پہنچی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں 4ڈالرکی کمی سے 1810ڈالر فی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر فی تولہ سونا600روپے اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 600اور دس گرام 515 روپے کے اضافے سے 94 ہزار822روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1460 روپے کی سطح پر مستحکم رہی ۔