پائما نے 25ہزاراجرت مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا
کاروباری ادارے سنگین بحران سے دوچار ،اتنی زیادہ اجرت دینا مشکل ، حنیف لاکھانی
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن(پائما)کے سینئر وائس چیئرمین، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حنیف لاکھانی اورپائما کے وائس چیئرمین و کنوینر ایف پی سی سی آئی یارن ٹریڈنگ قائمہ کمیٹی فرحان اشرفی نے وفاقی بجٹ میں اعلان کردہ کم سے کم اجرت20 ہزار روپے کے برعکس سندھ حکومت کی جانب سے 25ہزار روپے کم سے کم اجرت مقرر کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی یکساں بنیاد پر کم سے کم اجرت20 ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ کاروباری اداروں اور صنعتوں کی لاگت میں اضافہ نہ ہو جو پہلے ہی کورونا سے پیدا ہونے والے سنگین بحران سے دوچار ہیں، ان حالات میں اتنی زیادہ اجرت دینا مشکل ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے فیصلے سے سب سے زیادہ وہ کاروباری ادارے اور صنعتیں متاثر ہوں گی جو دیگر صوبوں کے علاوہ سندھ میں بھی اپنا کاروبار کرتے ہیں اور اپنا عملہ وقتاً فوقتاً صوبوں میں تعینات کرتے رہتے ہیں، ایسے میں وہ ادارے ٹرانسفارمیشن کے تحت کس طرح سندھ میں دیگر صوبوں سے کہیں زیادہ طے شدہ کم سے کم اجرت ادا کرنے کے متحمل ہوسکتے ہیں۔