برآمدی سیکٹرکیلئے بجلی ٹیرف میں اضافے کافیصلہ

 برآمدی سیکٹرکیلئے بجلی ٹیرف میں اضافے کافیصلہ

یکم ستمبرسے ٹیرف0.07 سے بڑھاکر 0.09 امریکی سینٹ تک لے جایاجائیگا

اسلام آباد(رپورٹ:ساجدچودھری)پانچ بڑی برآمدی صنعتوں کیلئے یکم ستمبر سے بجلی کے رعایتی نرخ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ان برآمدی صنعتوں کیلئے بجلی کے نرخ 0.07 امریکی سینٹ سے بڑھاکر 0.09 امریکی سینٹ تک لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس کی باضابطہ منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے رواں ماہ ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی اور کابینہ کی توثیق کے بعد یکم ستمبر 2021 سے اضافہ شدہ ٹیرف لاگو ہوجائے گا۔ وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر روزگار کے مواقع کی بحالی اور نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے حکومت نے 9 اہم اقدامات متعارف کروائے ہیں۔ برآمدی صنعتوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال اضافی بجلی خرچ کرنے کی صورت میں ریلیف کا پیکیج دیدیا گیا ہے ۔ یہ پیکیج واپڈا کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کراچی الیکٹرک دونوں کے صنعتی صارفین کیلئے ہے ۔ برآمدی صنعتوں کیلئے رعایتی شرح سے گیس کا ٹیرف 0.065 امریکی سینٹ 31 دسمبر 2021 تک لاگو رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کی ممکنہ توسیع کا فیصلہ دسمبر2021 میں کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں