خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مالی طور پرمضبوط بنایا جائے،صدر

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مالی طور پرمضبوط بنایا جائے،صدر

معاشرہ میں خواتین کو محفوظ کرنے کیلئے سیکیورٹی اقدامات کرنا ہونگے ،عارف علوی ، مالی شمولیت میں صنفی فرق کو کم کرنا اسٹیٹ بینک کی ترجیح رہی ہے ،گورنررضا باقر

کراچی ،اسلام آباد (بزنس رپورٹر،این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو مالی طور پرمضبوط بنائے بغیر بااختیار نہیں بنایا جا سکتا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ’’مساوی بینکنگ پالیسی‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر میں ترجیحات کا نئے سرے سے تعین ہو رہا ہے ، خواتین مالی طور پر مستحکم ہوں تو ان کا استحصال نہیں کیا جا سکتا۔ معاشرے میں خواتین کو محفوظ کرنے کیلئے سیکیورٹی کے اقدامات کرنا ہوں گے ۔ صدر مملکت نے کہا خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنا کردار ادا کر رہا ہے ، خواتین کوبا اختیاربنانے کیلئے خواتین ارکان پارلیمنٹ کردار اد اکریں۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ برابری پر بینکاری کی پالیسی سے خواتین کی مالی شمولیت کے ایجنڈے کو مرکزی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی کیونکہ اسے لازمی اہداف کے ذریعے مالی اداروں کی تزویراتی ترجیحات کا حصہ بنایا گیا ہے ۔گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ مالی شمولیت میں صنفی فرق کو کم کرنا اسٹیٹ بینک کی ترجیح رہی ہے کیونکہ خواتین کے کردار کو مرکزی دھارے میں لانا پورے ملک کی سماجی، معاشی اور مالی سطح پر وسیع فوائد کا حامل ہے ۔ اس ضمن میں، خواتین کو بااختیار بنانے میں بہتری لانے کی سمت پہلا قدم ایک باضابطہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے انہیں کاروباری مواقع تک رسائی دینا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں