بی اوپی اور پی ایس پی اے کامساوات پروگرام شروع
بزرگ خواجہ سرا کو 3، معذور کو 2ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے
لاہور (کامرس ڈیسک)دی بینک آف پنجاب ( بی اوپی)نے خواجہ سرا ء افراد کیلئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (پی ایس پی اے )سے مل کر مساوات پروگرام کا آ غاز کیا ہے ، اس پروگرام کے تحت بزرگ خواجہ سرا افراد کو تین ہزار روپے اور معذور خواجہ سرا افراد کو دوہزار روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے ، تمام ادائیگیاں الیکٹرانک طور پر دی بینک آف پنجاب کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جس سے ملک بھر میں مالی شمولیت کو فروغ دینے کے مجموعی ایجنڈے کے مطابق اس طبقے کے لیے فنانسنگ سمیت بینکاری کے نئے مواقع کھلیں گے ، پروگرام کی افتتاحی تقریب پی سی ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی جس کا میزبان دی بینک آ ف پنجاب تھا۔گروپ چیف کنزیومر اینڈ ڈیجیٹل بینکنگ زاہد مصطفی نے تقریب میں مہمانوں کا استقبا ل کیا اور مشترکہ پروگرامز پر روشنی ڈالی، ان منصوبوں میں معذور افرادکیلئے خدمت کارڈ پی ڈبلیو ڈی، سرکاری شعبے کے اسکولوں میں داخل لڑکیوں کیلئے زیور ِ تعلیم پروگرام ، 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کیلئے با ہمت بزرگ پروگرام، 25 سال سے زائد عرصے سے متعلقہ شعبے میں خدمات انجام دینے والے بزرگ فنکاروں کیلئے صلہ فن پروگرام شامل ہے۔