ایف بی آر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے ،تاجر رہنما

ایف بی آر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے ،تاجر رہنما

ملک بھر کے تاجر29ستمبر کو اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے تاجروں کے مفادات پر شب خون مارنے نہیں دینگے ،نعیم میر ودیگرکی پریس کانفرنس

کراچی(بزنس رپورٹر)انجمن تاجران پاکستان کے سیکریٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے ،حکومت کو تاجروں کے مفادات پر شب خون نہیں مارنے دیں گے ،ملک بھر کے تاجر29ستمبر کو اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے،ہم ایف بی آر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین شرجیل گوپلانی اور سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ بھی موجود تھے ۔نعیم میر کا مزید کہنا تھا کہ پیر کوکراچی کے تاجروں نے ایک بڑے اجتماع میں حکومت کو واضح پیغام دے دیا ہے ،پوائنٹ آف سیل لگانے کیلئے ایف بی آرزبردستی کررہا ہے ،29ستمبر کو اسلام آباد میں ملک بھر کے تاجر جمع ہونگے ،ہم پر سیلز ٹیکس لاگو ہی نہیں ہے تو وصول کیوں کیا جارہا ہے ،حکمران جرمانوں اور سزاؤں کا قانون کیو ں لارہے ہیں،ہم اس قانون کے تقاضے پورے کرنے سے قاصر ہیں،تاجروں کو کام کرنے دیا جائے۔شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ3200ارب روپے ٹیکس دینے کے باوجود کراچی میں نہ سڑکیں ہیں، نہ پانی اور نہ ٹرانسپورٹ ہے ۔ جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو 5 سال پرانی جائیداد کے بارے میں معلومات کے اختیارات دے دیے گئے ہیں،ایف بی آر کے کالے قانون اور دادا گیری کو نہیں مانا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں