زرعی پالیسی کے اثرات،اسٹاک ایکسچینج 519پوائنٹس گرگئی

 زرعی پالیسی کے اثرات،اسٹاک ایکسچینج 519پوائنٹس گرگئی

100انڈیکس 46008پوائنٹس پربند،96ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج پر اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کے اثرات مرتب ہونے سے دوسرے روز بھی مندی کے بادل چھائے رہے ،کے ایس ای 100انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 46500پوائنٹس سے گھٹ کر 46ہزار کی پست سطح پر آگیا ،مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے 96ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 80کھرب سے گھٹ کر 79کھرب روپے رہ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود میں25بیسس پوائنٹس سے شرح سود 7فیصد سے بڑھ کر7.25فیصد ہوجانے ،مہنگائی میں اضافے کے خدشات ،در آمدات میں اضافے اور جاری کھاتے کے بڑھتے ہوئے خسارے کو ملکی معیشت کیلئے تشویشناک قرار دیے جانے کے بعد منگل کواسٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھ گیا۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس519پوائنٹس کی کمی سے 46008پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح 243پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس14178پوائنٹس جب کہ آل شیئرز انڈیکس 31860پوائنٹس سے گھٹ کر31490پوائنٹس پر بند ہوا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں