اسٹاک ایکسچینج:مندی ،45ہزارکی حد بھی گرگئی ،58ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج:مندی ،45ہزارکی حد بھی گرگئی ،58ارب خسارہ

255پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس44817پر بند،سرمایہ 7772ارب رہ گیا

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز مندی رہی، 100انڈیکس 255پوائنٹس کی کمی سے 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گر کر 44817 پوائنٹس پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کو58ارب کا خسارہ ہوا جبکہ 69.46 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔واضح رہے کہ پی ایس ایکس میں کاروبار 7روزسے مسلسل مندی کا شکار ہے ،اس دوران 100انڈیکس 2102 پوائنٹس گنوابیٹھا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 406 ارب روپے کم ہوچکی ہے ۔ اسٹاک مارکیٹ میں پیر کوکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم منافع خوری کے باعث انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 100 پوائنٹس کی کمی سے 17642جبکہ آل شیئرز انڈیکس 30777 پوائنٹس سے گھٹ کر 30544 پرآگیا، سرمایہ 77 کھرب 72 ارب رہ گیا، پیر کو30 کروڑ حصص کے سودے 11 ارب میں طے پائے ،مجموعی طور پر 547کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 143کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،382میں کمی اور22میں استحکام رہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں