کورونا سے معیشتیں لرز گئیں ،پاکستان میں اثر کم،گورنرسندھ

کورونا سے معیشتیں لرز گئیں ،پاکستان میں اثر کم،گورنرسندھ

کراچی کی رونقوں کی بحالی سب کی ذمہ داری ،فرنیچر ایکسپو کے افتتاح پر گفتگو عمران اسماعیل کا مختلف اسٹالزکا دورہ ،ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباددی

کراچی (بزنس رپورٹر)کراچی ایکسپو سینٹر میں35 ویں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچرنمائش کا آغاز ہوگیا، ایکسپو سینٹرکے دو ہالز پر مشتمل 3 روزہ نمائش میں مقامی سطح کے اعلیٰ معیار کے 50 برانڈز رکھے گئے ہیں ، نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا کے نتیجے میں دنیا بھر کی معیشتیں لرز گئی ہیں اور ترقی یافتہ ممالک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے لیکن پاکستان میں اس کے اثرات کم ہیں، پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری ماضی کے مقابلے میں کئی گنا ترقی کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت انڈسٹری کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی خواہاں ہے ،پاکستان کے فرنیچر کی کشیدہ کاری کی دنیا بھر میں مانگ ساتھ ہی جدید اور ہلکے فرنیچر میں بھی پاکستانی ہنرمندوں نے اپنا آپ منوایا ہے ۔ انہوں نے پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کے منتظمین فیصل محسن، زارا فیصل، عدنان افضل، مدیحہ عدنان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے بعد ایک چیلنج کے طور پر ایسے ایونٹ کا انعقاد قابل تحسین ہے ۔ گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ معاشی حب کراچی کی رونقوں کی بحالی اور شہر کی ترقی میں بلا امتیاز اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ بعدازاں گورنر سندھ نے نمائش کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں