ڈیزل کی درآمد میں 36فیصد اضافہ ،3.57لاکھ ٹن ریکارڈ
ستمبر میں پٹرول کی در آمد 8،ہائی اوکٹین 135اورخام تیل کی 4فیصدبڑھ گئی ، فرنس آئل کی در آمد53فیصد کمی سے 1.48 لاکھ ٹن رہی، انڈسٹری ذرائع
کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخ بڑھنے کے بعد ملک میں بھی خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی در آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ،گزشتہ ماہ ستمبر میں ڈیزل کی در آمد میں36اور پٹرول کی در آمد میں8فیصد کا اضافہ ہوا ۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ پٹرول کی در آمد8فیصد اضافے سے 6لاکھ ایک ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ اگست میں 5لاکھ59ہزار ٹن پٹرول در آمد کیا گیا تھا۔ستمبر میں ڈیزل کی در آمد 36فیصد اضافے سے 3لاکھ57ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ اگست میں ڈیزل کی در آمد 2لاکھ62ہزار ٹن سے زائد رہی تھی ۔ہائی اوکٹین کی در آمد ستمبر میں135فیصد کے نمایاں اضافے سے 13ہزار ٹن سے زائد رہی جب کہ اگست میں ہائی اوکٹین کی درآمد 5639ٹن کی سطح پر رہی تھی۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق ایس یو وی اور بڑی لگژری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین کے استعمال میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔فرنس آئل کی در آمد گزشتہ ماہ 53فیصد کی کمی سے ایک لاکھ48ہزار336ٹن رہی جب کہ اگست میں بجلی کی پیداوار کیلئے 3لاکھ19ہزار ٹن فرنس آئل در آمد کیا گیا تھا۔خام تیل کی در آمد گزشتہ ماہ 4فیصد اضافے سے 8لاکھ95ہزار ٹن سے زائد رہی جس میں سے 1لاکھ21ہزار ٹن خام تیل بائیکو کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر در آمد کیا گیا جب کہ اگست میں 8لاکھ61ہزار ٹن سے زائد خام تیل در آمد کیا گیا تھا جس میں سے 2لاکھ32ہزار ٹن بائیکو ریفائنری نے در آمد کیا تھا،ستمبر میں نیفتھا کی بر آمد57فیصد کی کمی سے 8423ٹن رہی جبکہ اگست میں 19ہزار709ٹن نیفتھا بر آمد کیا گیا تھا۔