پٹرولیم قیمتیں واپس نہ لینے پر تاجروں کی احتجاج کی دھمکی

 پٹرولیم قیمتیں واپس نہ لینے پر تاجروں کی احتجاج کی دھمکی

اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر،عوام کا روٹی کھانا بھی مشکل ہوگا حکومت اپنے اخراجات کم،عوام کو سبسڈی دے ،چیئرمین سندھ تاجراتحاد

کراچی(بزنس رپورٹر)سندھ تاجراتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا، اس لیے حکومت فی الفور پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ واپس لے ، قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو تاجر برادری احتجاج پر مجبور ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ تاجر اتحاد کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اتحاد کے رہنما مرزا صادق بیگ، سلیم بٹلہ، اسماعیل لالپوریہ، عبدالرحمان خان، غنی میمن، محمد فیاض، شجاع الدین، محمد ندیم ،دانیال نعیم ودیگر بھی موجود تھے ۔ جمیل پراچہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا جس سے عوام کاروٹی کھانا بھی مشکل ہوگا،حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ وہ دن دور نہیں کہ لوگ حکومت سے روڈ پر ملاقات کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 3 سال میں جس طرح اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں، بجلی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جائے گی اس لیے حکومت کو چاہیے کہ اپنے اخراجات کم کریں اور عوام کو سبسڈی دے ، اس موقع پر دیگر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے تمام کاروبار متاثر ہے اور اب صورتحال اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ تاجر برادری کو اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے الیکشن کے دوران جو نعرے لگائے تھے ان پر عملدرآمد کریں اور مہنگائی کے اس جن کو جو ان کی حکومت میں بوتل سے باہر نکل چکا ہے اس کو قابو کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں