بجلی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دے رہے ،نیپرا
مسابقتی تجارتی معاہدہ معیشت پر مثبت اثرات مرتب کریگا،توصیف فاروقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے بجلی کی پیداوار اور ترسیل کیلئے مسابقتی مارکیٹ کی کامیابی کیلئے کہا ہے کہ نیپرا کا مقصد بجلی کے نظام میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کو دور کرنا اور مستقبل قریب میں مسابقتی تجارتی دوطرفہ معاہدے کے مارکیٹ ماڈل (سی ٹی بی ایم سی )کے ذریعے ملک میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ہے ، نیپرا اور وفاقی حکومت اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پالیسی روڈ میپ تشکیل دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’لبرلائزیشن آف دی پاور مارکیٹ ان پاکستان‘‘کے موضوع پر منعقدہ ایک ویبی نار میں کیا۔ ویبی نار کا انعقاد نٹ شیل گروپ اور کارپوریٹ پاکستان گروپ نے نیپرا کے اشتراک اور کے الیکٹرک کی معاونت سے کیا تھا۔ویبی نار کا مقصدبجلی کی مسابقتی مارکیٹ کی جانب منتقلی کے حوالے سے روڈ میپ پر غور کرنا تھا۔ ویبی نار میں چیئرمین نیپرا کے علاوہ پاکستان کی صنعتی برادری، عالمی انرجی کنسلٹنٹس کیرنی اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے نمائندوں نے شرکت کی۔چیئرمین نیپرا نے مزید کہا کہ دو طرفہ معاہدہ صنعتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے حوالے سے معیشت پر براہ راست مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس مارکیٹ کے حصول کیلئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے ،اس کے ساتھ پینلسٹ نے بجلی کی اوپن مارکیٹ کی معیشت، یوٹیلٹیز اور صارفین پر پڑنے والے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔