پرامن افغانستان ہی ہارٹ آف ایشیا ہوگا، سارک چیمبر

پرامن افغانستان ہی ہارٹ آف ایشیا ہوگا، سارک چیمبر

پاکستان بھی نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکے گا ،صدر افتخار علی ملک

اسلام آباد(اے پی پی)سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان ہی ’’ہارٹ آف ایشیا‘‘کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیائی علاقوں سے مربوط ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے موجودہ افغان امن عمل کا جاری رہنا ضروری ہے ۔تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی پرامن افغانستان سے فائدہ اٹھائے گا،افغانستان کے راستے وسطی ایشیا کا براہ راست زمینی راستہ پاکستان کو ایران یا چین کے راستے کی بجائے اپنے موجودہ راستوں کا زیادہ موثر اور آسان متبادل فراہم کرے گا،پاکستان اپنے سامان کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکے گا اور اپنے مسلم اکثریتی پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ چالیس سال سے جاری تنازعات کی وجہ سے افغانستان ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کی شراکت داری میں حقیقی کردار ادا نہیں کر سکا،انفرااسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے سب کو مواقع ملنے چاہئیں تاکہ خطے کو مربوط اور افغانستان کی تباہ حال معیشت کو متحرک کیا جا سکے ، ایسا کرنے سے نہ صرف علاقائی دلچسپی بڑھے گی بلکہ ان ممالک کے معاشی مفادات بھی بڑھیں گے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے راستے کھلیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں