ہفتہ رفتہ:اسٹاک ایکسچینج 344پوائنٹس بڑھ گئی،8ارب منافع

 ہفتہ رفتہ:اسٹاک ایکسچینج 344پوائنٹس بڑھ گئی،8ارب منافع

100انڈیکس 44821پوائنٹس پر بند،55فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد ملا رجلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 44800 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں8ارب روپے کاا ضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، تاہم 55.25 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق مہنگائی کا تسلسل بر قرار رہنے اورافغانستان میں جاری حالات سے ملکی معیشت پر دباؤ بڑھنے جیسے عوامل سے مارکیٹ دودن تنزلی کا شکار رہی جبکہ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے امکانات سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط کے ممکنہ اجراء کے بعد عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی 1.4ارب ڈالر ملنے کی توقعات اور پاور ٹیرف مزید نہ بڑھانے جیسی خبروں پر سرمایہ کارو ں نے کھل کر سرمایہ کاری کی جس کے نتیجے میں 3دن تیزی رہی۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 344پوائنٹس کے اضافے سے 44821پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح 3.33پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17521.47 پوائنٹس جب کہ آل شیئرز انڈیکس 30599پوائنٹس سے بڑھ کر 30770 پوائنٹس پر بند ہوا ،مجموعی سرمایہ بڑھ کر 77 کھرب 94 ارب روپے ہو گیا ، گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 2539 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 1054 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1403میں کمی اور 82 میں استحکام رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں