ڈالر173،سوناایک لاکھ 19ہزار کی بلند سطح پرپہنچ گیا

ڈالر173،سوناایک لاکھ 19ہزار کی بلند سطح پرپہنچ گیا

جولائی سے ڈالر 15روپے سے زائد مہنگا، قرضے 1800 ارب بڑھ گئے ، درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے ،تجزیہ کار

کراچی (بزنس رپورٹر،دنیا نیوز )ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں پہلی بار روپیہ بدترین گراوٹ کا شکارہے جس کے نتیجے میں انٹربینک میں ڈالر173 اوراوپن مارکیٹ میں 174روپے کی جانب تیزی سے گامزن ہے، رواں مالی سال ڈالر 15 روپے سے زائد مہنگا ہواہے، ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں کا بوجھ 1800 ارب روپے بڑھ گیا ہے ،ادھر فی تولہ سونا بھی اچانک 1700روپے مہنگا ہوگیا ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر1.75روپے کے اضافے سے 172.95 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 1.70 روپے کے اضافے سے 173.30 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے جہاں بیرونی قرضوں کے بوجھ میں تقریباً 1800 ارب کا اضافہ ہوا ہے وہیں درآمدی اشیا کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل سمیت دیگر اہم کموڈٹیز کی بڑھتی قیمتوں سے نہ صرف درآمدی بل کے حجم میں نمایاں اضافے کے خطرات ہیں بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی اضافے کے خدشات ہیں ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا4ڈالر کی کمی سے 1763ڈالر فی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باوجود مقامی سطح پرفی تولہ سونا 1700روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 19 ہزار 700اوردس گرام 1457 روپے کے اضافے سے 1 لاکھ 2ہزار623روپے کا ہوگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں