پہلی مرتبہ ڈالر174،سونا1 لاکھ 22ہزارتولہ کی بلند سطح پر

 پہلی مرتبہ ڈالر174،سونا1 لاکھ 22ہزارتولہ کی بلند سطح پر

ڈالر کا انٹربینک ریٹ 173.50،اوپن مارکیٹ میں 174.20روپے پرجاپہنچا

کراچی (بزنس رپورٹر)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بدستور دباؤکا شکار ہے جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالرتاریخ میں پہلی مرتبہ174روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا ،ادھرملک بھر میں سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے اورفی تولہ سونے کی قدر میں یکدم 2500روپے کابڑا اضافہ ہو گیا اور قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر 55پیسے کے اضافے سے 173.50روپے اوراوپن مارکیٹ میں 90پیسے کے اضافے سے 174.20روپے کا ہوگیا ،اسی طرح یوروایک روپے کے اضافے سے 202روپے اور برطانوی پاؤنڈ 1.50 روپے بڑھ کر239روپے پرجاپہنچا ہے ۔معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے سے معیشت پر شدید منفی اثرات کا خدشہ ہے ، ملک میں پٹرول اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ، مالی دباؤ کے شکار لوگ حکومت سے ریلیف کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں تاہم حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیرکی اطلاعات سے درآمدکنندگان کی ڈالر ڈیمانڈ بڑھ گئی، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا18ڈالرکے اضافے سے 1781ڈالر فی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2500روپے کے نمایاں اضافے سے ایک لاکھ22ہزار200اوردس گرام 2144روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 4ہزار767روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت40روپے کے اضافے سے 1470روپے ہوگئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں