اسٹاک ایکسچینج :ایک ہفتے میں انڈیکس 756پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک ایکسچینج :ایک ہفتے میں انڈیکس 756پوائنٹس بڑھ گیا

100انڈیکس45578پر بند،68ارب منافع،48فیصدحصص کی قیمتیں کم رہیں

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک مارکیٹ میں 12 ربیع الاول کی سرکاری تعطیل کے باعث چاردن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر تیزی رہی ،کے ایس ای100انڈیکس 700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 45ہزار کی پوائنٹس نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا،اس دوران سرمایہ کاروں کو 68ارن کا منافع ہواتاہم اتار چڑھاؤ کے باعث 48.78فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں ۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کیساتھ قرض پروگرام کی بحالی کے امکانات اور گورنر اسٹیٹ بینک کی اس ضمن میں مثبت پیش رفت ہونے کے بیان،حکومت کی جانب سے کم آمدنی کے حامل طبقے کیلئے پٹرول پر زر تلافی فراہم کرنے کی منصوبہ بندی جیسے عوامل پر مارکیٹ میں دودن تیزی رہی اور اس دوران انڈیکس 1191پوائنٹس بڑھ گیا،تاہم ڈالر کی قدر میں اضافہ اور خام تیل کی بڑھتی ہوئی عالمی قیمت کے باعث فروخت پردباؤ اور سرمائے کے انخلاء جیسی صورتحال پر دو روز کی مندی سے انڈیکس435پوائنٹس لوز کر گیا تھا۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کے ایس ای100انڈیکس 756پوائنٹس کے اضافے سے 45578پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح350پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17871پوائنٹس جبکہ آل شیئرز انڈیکس 30770 پوائنٹس سے بڑھ کر31144پوائنٹس پر بند ہوا، مجموعی سرمایہ بڑھ کر78کھرب63ارب روپے ہوگیا، مجموعی طور پر1396کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 671کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،681میں کمی اور44میں استحکام رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں