ہیم ٹیکسٹائل نمائش 11جنوری سے فرینکفرٹ میں شروع ہوگی
ٹڈاپ پویلین قائم کریگی،متعدد بڑی پاکستانی کمپنیوں کی براہ راست شرکت متوقع
کراچی(بزنس رپورٹر)ہوم اور کنٹریکٹ ٹیکسٹائل مصنوعات کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹائل آئندہ سال 11سے 14جنوری کو فرینکفرٹ میں منعقد ہوگی۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نمائش میں پاکستانی پویلین قائم کرے گی جبکہ متعدد بڑی پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیاں براہ راست شرکت کریں گی۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مطابق عالمی تجارت میں بحالی کے آثار تیز ہونے کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی نمائش ہے جس میں پاکستانی صنعت بڑے پیمانے پر شرکت کرے گی ۔ نمائش پاکستان کی بڑھتی ہوئی ٹیکسٹائل مصنوعات کو مستحکم بنانے اور عالمی وباء کے دوران پیدا ہونے والے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں معاون ثابت ہوگی۔ سال 2020میں ہونے والی اس نمائش میں مجموعی طورپر 231 کمپنیوں نے شرکت کی تھی جن میں 56 پاکستانی کمپنیوں نے ٹڈاپ کے تحت لگنے والے پاکستانی پویلین کے ذریعے شرکت کی تھی جبکہ 175 کمپنیوں نے انفرادی حیثیت میں اپنی مصنوعات دنیا کے سامنے پیش کی تھیں۔ ٹڈاپ کے مطابق ہیم ٹیکسٹائل میں 12اسکوائر میٹر کا اسٹینڈ 9لاکھ90ہزا ر روپے میں فراہم کیا جائے گا جبکہ شرکت کی خواہش مند کمپنیاں 5نومبر 2021تک درخواستیں جمع کراسکتی ہیں۔