ویت نام کاتجارت کو 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عندیہ

ویت نام کاتجارت کو 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عندیہ

زراعت،ٹیکسٹائل ودیگرشعبوں میں وسیع مواقع موجود ،سفیر پھانگ ٹائین

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں ویت نام کے سفیر پھانگ ٹائین نگوئین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو اگلے دو سالوں میں ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی بے پناہ صلاحیت ہے جس سے استفادہ کرنے کے لئے دونوں اطراف سے بات چیت کا عمل جا ری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ویتنامی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم تقریباً 700 ملین ڈالر ہے جو کہ موجودہ صلاحیت سے انتہائی کم ہے اس تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، آئندہ ایک سے دو سال کے دوران دو طرفہ تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر کا ہدف ہے تاکہ اس گنجائش سے استفادہ کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں زرعی اجناس، چائے ، کالی مرچ ، کاجو ، کافی، کاٹن و ٹیکسٹائل ، سمندری خوراک اور دودھ کی مصنوعات کے شعبوں میں دو طرفہ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیار شدہ مصنوعات جیسے فون اور فون کے آلات، کمپیوٹر اور کمپیوٹر کے پرزہ جات، دوا سازی ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس و دیگر ٹیکنالوجی کے سامان کے علاوہ ، ربڑ ، اسٹیل سیکٹر اور مختلف کیمیکلز بھی ممکنہ تجارتی فہرست میں شامل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں