ہنزہ ،پہلے ماحول دوست و اسمارٹ شیلے ریزورٹس کی تعمیر شروع
منصوبے کوسنجا شیلے کا نام دیا گیا ،اسٹیل،لکڑی اور دیگر خام مال استعمال کیا جائے گا آن لائن بکنگ کراکرسیاح فونز پر ہی کمرے کی چاپی حاصل کرسکیں گے ،حماد بن ضیاء
کراچی(رپورٹ:مظہر علی رضا)گلگت بلتستان میں ہنزہ کے پر فضاء مقام پر پاکستان کے پہلے ماحول دوست و اسمارٹ شیلے ریزورٹس کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ہنزہ میں عطاء آباد جھیل کے کنارے قائم کیے جانیوالے 15شیلے ریزورٹس کے قیام کے اس منصوبے کو ’’سنجا شیلے ‘‘کا نام دیا گیا ہے ،پہلے مرحلے میں قائم کیے جانے والے یہ پندرہ شیلے ریزورٹس ملک کے پہلے ماحول دوست و اسمارٹ طرز تعمیرکا اعزاز حاصل کریں گے کیونکہ اس شیلے ریزورٹس کی تعمیر میں کنکریٹ کا استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی تعمیر میں اسٹیل،لکڑی اور دیگر خام مال استعمال کیا جائے گا،یہ منصوبہ ہنزہ ہاسپیٹلیٹی کی سرمایہ کاری سے مکمل کیا جائیگا جب کہ منصوبے کی انتظام کاری بن ضیاء ماونزمینجمنٹ کنسلٹیشن کے ذمہ ہے ۔بن ضیاء ماونز کے منیجنگ ڈائریکٹر حماد بن ضیاء نے بتایا کہ اس ماحول دوست منصوبے میں کاربن اخراج سے بچنے کیلئے توانائی کی طلب شمسی بجلی سے پوری کی جائے گی اور اس آف گرڈ منصوبے کو سولر پینلز سے بجلی فراہم کی جائے گی،ہر شیلے ریزورٹس کا رقبہ 420اسکوئر فیٹ ہے ،ان شیلے ریزورٹس میں آنے و الے سیاحوں کو مکمل اسمارٹ سالوشنز فراہم کیے جائیں گے ،سیاح یہاں قیام کیلئے آن لائن بکنگ کراسکیں گے اور کنفرمیشن وپیشگی ادائیگی کے بعد ان کے اسمارٹ فونز پر ہی کمرے کی چاپی اور کوڈ فراہم کردیا جائیگا اور یہاں قیام کرنے والے مہمان موبائل فونز کی مدد سے اپنے کمروں میں داخل ہوسکیں گے اور آوازکے ذریعے کمرے میں موجود برقی آلات کو کنٹرول و آپریٹ بھی کرسکیں گے۔