گنے کی بین الصوبائی نقل وحمل کی اجازت دی جائے ،وفاقی چیمبر

 گنے کی بین الصوبائی نقل وحمل کی اجازت دی جائے ،وفاقی چیمبر

چینی کی قیمتوں اور دستیابی کی صورتحال میں فرق ختم ہوگا،صدرناصر حیات مگوں

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبرکے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے تجویز دی ہے کہ ملک کے مختلف صوبوں میں چینی کی قیمتوں اور دستیابی کی صورتحال میں تفاوت کو ختم کرنے کیلئے چینی اور گنے کی بین الصوبائی تجارت اور نقل و حمل کی اجازت دی جائے ۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف حالات کو برقرار رکھتے ہو ئے مارکیٹ فورسز چینی کی مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور مسابقتی قیمتوں پر پاکستان بھر میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، کوئی بھی حکومت غیر معینہ مدت اور غیر معینہ اخراجات کے ذریعے کسی بھی بڑی فصل اور اس کی مصنوعات کو ریگولیٹ کرنا اور سبسڈی دینا جاری نہیں رکھ سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تقریباً 60 فیصد چینی کمرشل صارفین استعمال کرتے ہیں اور یہ صارفین شوگر مارکیٹ میں ایک صحت مند کمپی ٹیشن کا ماحول بنا سکتے ہیں،اگر ان کو صحت مندانہ مسابقت اور آزاد منڈی تک رسائی دی جا ئے ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی دائمی غذائی افراط زر کا واحد حقیقی، موثر، صارف دوست اور پائیدار حل فر ی مارکیٹ میں ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں