ملائیشیا تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند
سیکیورٹی گارڈز کیلئے بھی دلچسپی ،دستاویزی کام جاری ،ڈیڈی فیصل احمد
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں تعینات ملائیشین ہائی کمیشن کے چارج ڈی افیئرز ڈیڈی فیصل احمد صالح نے کہا ہے کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ تجارت میں تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتی ہے ، دونوں ممالک متعدد شعبوں میں باہمی تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں، ملائیشیا پاکستان میں صنعتی تربیت کو مزید وسعت دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے جس میں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کی تربیت، تحقیق و ترقی، کمرشلائزیشن اور اختراعات شامل ہیں تاکہ معیشت کو بہتر فائدہ حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد چیمبرکے دورے کے موقع پر کیا۔ پاک ملائیشیا بزنس کونسل کے صدر داتوک نذیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈیڈی فیصل احمد صالح نے کہا کہ ملائیشیا اپنی ایس ایم ایز کو بہتر مراعات فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے ایس ایم ای شعبوں کے درمیان قریبی تعاون دو طرفہ تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان سے سیکیورٹی گارڈز میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے جس کیلئے دستاویزی کام جاری ہے۔