اسٹاک ایکسچینج مندی کے حصارسے نہ نکل سکی،53ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج مندی کے حصارسے نہ نکل سکی،53ارب خسارہ

427پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس44ہزارکی حدسے گرگیا،43935پربند

کراچی (بزنس رپورٹر )اسٹاک ایکسچینج جمعرات کو بھی مندی کے حصار سے نہ نکل سکی ،کے ایس ای 100انڈیکس427پوائنٹس کی کمی سے 5 نفسیاتی حدیں گنواکر44ہزارکی حد کھوبیٹھا اور 43935پوائنٹس پر بند ہوا،اس دوران سرمایہ کاروں کے 53ارب روپے سے زائدڈوب گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا، بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کی خاطر شیئرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی۔ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی غیر یقینی اور پٹرولیم سیکٹر کی جانب سے ہونے والی ہڑتال نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کئے ہوئے ہیں جب کہ شرح سود میں اضافے کے اثرات سے بھی سرمایہ کار ابھی تک باہر نہیں نکل پائے ہیں اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس 184 پوائنٹس کی کمی سے 16939 پوائنٹس ،آل شیئرز انڈیکس 213.48 پوائنٹس کم ہو کر30249پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 688 پوائنٹس کے خسارے سے 70668 پوائنٹس پر بند ہوا ،سرمایہ 75 کھرب 74 ارب رہ گیا۔ جمعرات کو19 کروڑ 51 لاکھ74ہزار 200 حصص کے سودے ہوئے ،مجموعی طور پر 328 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 121 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 185میں کمی اور 22میں استحکام رہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں