پاکستان بڑھوتری کی بلندشرح سے آگے بڑھ رہاہے ، وزارت خزانہ
چارماہ میں ترسیلات زرمیں11.9فیصد کی شرح سے بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے عالمی سطح پر افراط زر کی صورتحال کے پاکستان میں بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں
اسلام آباد(اے پی پی) وزارت خزانہ نے کہاہے کہ پاکستان بڑھوتری کی بلندشرح سے آگے بڑھ رہاہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ مسلسل افراط زر کے دبا ؤکا بھی سامنا ہے ۔ ادائیگیوں میں توازن کے پچھلے بحران،عالمی سطح پر افراط زر کی صورتحال اور بین الاقوامی اجناس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے پاکستان میں بھی مہنگائی پراثرات مرتب ہوئے ہیں۔ یہ بات وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ میں کہی گئی ہے ۔اقتصادی اپ ڈیٹ کے مطابق ڈھانچہ جاتی اقدامات کے ساتھ طلب کی پالیسی کے انتظام وانصرا م کے ذریعے صورتحال میں بہتری حکومت کا مطمع نظرہے ۔ مالیاتی استحکام، آبادی کے معاشی طورپرکمزور طبقوں کو خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے بچانا حکومت کی مالیاتی پالیسی کا بنیادی مقصد ہے ۔جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں ترسیلات زرمیں11.9فیصد کی شرح سے بڑھوتری ریکارڈکی گئی ہے،جولائی سے لیکراکتوبرتک کی مدت میں ترسیلات زرکاحجم10.6ارب ڈالررہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں9.4ارب ڈالرتھا، برآمدات میں اضافہ کی شرح32.2فیصدرہی،جاری مالی سال کے ابتدائی4ماہ میں برآمدات سے9.7ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں7.3ارب ڈالرتھا۔