ای ایف پی سیکریٹریٹ میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنیکا فیصلہ
آجر رضاکارانہ ای او بی آئی کی شراکت کو بہتر شرح پر ادا کرنے پرمتفق ، پنشن عمل آسان بنانے کیلئے پرعزم ہیں ،چیئرمین ای او بی آئی شکیل احمد
کراچی(بزنس رپورٹر)ایمپلائرز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی)کے چیئرمین شکیل احمد منگنیجو نے کہا ہے کہ آجروں نے رضاکارانہ طور پر ای او بی آئی کی شراکت کو بہتر شرح پر ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے اور شراکت کی ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے ای ایف پی سیکریٹریٹ میں ای او بی آئی ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی۔ اس بات پر اتفاق ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی)کے زیر اہتمام آجروں اور ای او بی آئی حکام کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔چیئرمین ای او بی آئی نے پنشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ آجروں اور کارکنوں کے درمیان ادا کی جانے والی شراکت کی مقدار پر تعطل کو اس وقت تک کم کیا جا سکے جب تک کہ مناسب قانونی فریم ورک قائم نہ ہو جائے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ای ایف پی کے ساتھ مشترکہ طور پر طے پانے والے اقدامات سے قانونی چارہ جوئی کی فضا کو آجروں اور کارکنوں کے باہمی فائدے کے لیے تعاون کی فضا سے بدلنے میں مدد ملے گی۔ای ایف پی کے قائم مقام صدر ذکی احمد خان نے طریقہ کار کو آسان بنانے اور نرم کرنے پر رضامندی ظاہر کرنے پر چیئرمین ای او بی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوسری صورت میں قانونی مسائل پر آجروں اور ای او بی آئی کے درمیان ایک طویل تعطل رہے گا۔