شرح سود میں اضافہ تجارت وصنعت کیلئے تباہ کن ، ثاقب نسیم

شرح سود میں اضافہ تجارت وصنعت کیلئے تباہ کن ، ثاقب نسیم

مشیرخزانہ معاشی مفاد میں شرح سودکم کرنے میں کردار ادا کریں،چیئرمین پائما

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن (پائما )کے چیئرمین ثاقب نسیم،وائس چیئرمین سندھ بلوچستان ریجن جنید تیلی نے بزنس کمیونٹی کے مطالبے کے باوجود اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں شرح سودمیں150بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیاہے اور آئندہ مزید اضافے کی خبریں گردش کررہی ہیں جس کے کورونا زدہ معیشت میں انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے ، بالخصوص تجارت وصنعت کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافے کے ساتھ مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔گزشتہ روز پائما رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہاکہ اقتصادی ماہرین کو معیشت کے مفاد میں تجاویز دینی چاہیے جس سے کاروباری وصنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے اورخوشحالی آئے ۔ انہوں نے مشیر خزانہ سے اپیل کی کہ تجارت وصنعتوں کوتباہ ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر شرح سود میں مناسب کمی کی جائے تاکہ تاجروں کوسرمائے کی باآسانی رسائی ممکن ہوسکے ،بصورت دیگر ان کے لیے کاروباری وپیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کاشکار ہوجائیں گی جس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں