پراپرٹی ویلیو ایشن کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ،انجمن تاجران

پراپرٹی ویلیو ایشن کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ،انجمن تاجران

معاشی سرگرمیاں متاثر ،تاجروں کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ،خالد چودھری

اسلام آباد (نمائندہ دنیا )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما خالد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کے پراپرٹی کی ویلیوایشن کے نئے نوٹیفکیشن سے پاکستان بھر کی معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی،حکومت نے فوری طور پر پراپرٹی ویلیو ایشن کا نوٹیفکیشن واپس نہ لیا تو پاکستان کو عنقریب معاشی بدحالی کا سامنا کرنا پڑے گا۔گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے کوروناکی وجہ سے ملک بھر کے کاروبار 60فیصد سکڑ چکے ہیں اور تاجروں کواپنی بقاء کا مسئلہ درپیش ہے ،حکومت نے کنسٹرکشن کے کاروبار کو چلانے کیلئے انوسٹمنٹ اور پراپرٹی بزنس کیلئے رعایتی پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن اچانک ایف بی آر نے پراپرٹی کی ویلیوایشن کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اورتقریباً 40 شہروں کی رہائشی اور کمرشل پراپرٹی کے نئے ریٹ جاری کردیے جس میں کئی سو گنا اضافہ کردیا گیا جو کہ نہ صرف پراپرٹی اور بلڈنگ کے کاروبار کے خلاف ظالمانہ فیصلہ ہے بلکہ کاروبار کے لیے موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں اور رعایتی پیکیج کو بھی ختم کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک بھر کی معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی، اس سے قبل آئی ایم ایف کے اشارے پر پی او ایس کی تنصیب، چھوٹے تاجروں کی جبری سیلز ٹیکس میں رجسٹریشن اور ایف بی آر کو پولیس کے اختیارات دینے جیسے تاجر دشمن فیصلوں پر تاجر برادری سراپا احتجاج ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قوم کو آئی ایم ایف کے شکنجے سے چھٹکارا دلوانے کے اقدامات کیے جائیں اور تاجروں کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں